اہل بیت(ع) نیوز ایجسنسی۔ابنا۔ تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے ایک نشست کے دوران کہا کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی جوہری مصنوعات و پیداوار برآمد کرے۔ انہوں نے کہا کہ جو ممالک، کل تک جوہری شعبے میں ایران کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے تھے آج یہ بات تسلیم کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران بھی بجلی کی پیداوار کے لئے ترقی یافتہ ایٹمی توانائی کے مراکز قائم کر سکتا ہے۔ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے کہا کہ ایران کی کامیابی کی ایک اور علامت، صیہونی حکام اور امریکہ میں صیہونی لابی میں پایا جانے والا غم و غصہ ہے۔ انہوں نے جوہری مذاکرات کے نتیجے میں ہونے والی مفاہمت کو بھی ایران کی کامیابی کی ایک اور علامت قرار دیا۔ تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ ایران کبھی جنگ پسند نہیں تھا اور نہ ہی کبھی اس نے عام تباہی پھیلانے والے ہتھیار بنانے کی کوشش کی لہذا آئی اے ای اے کے ماہرین کے معائنوں سے اسے کوئی خوف و ہراس نہیں ہے۔ دوسری جانب ایران کے ایک مرجع تقلید آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے صدر مملکت کے دفتر کے سربراہ محمد نہاوندیان سے گفتگو میں جوہری مذاکراتی ٹیم کی کامیابی اور ایٹمی مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کا خیر مقدم کیا- آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے کہا کہ اس نتیجے سے عالمی سطح پر اسلامی جمہوریہ ایران کا وقار مزید بلند ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲